اپنا خاکہ لگتا ہوں
Poet: جون ایلیا By: Anila, washington
اپنا خاکہ لگتا ہوں
ایک تماشا لگتا ہوں
آئینوں کو زنگ لگا
اب میں کیسا لگتا ہوں
اب میں کوئی شخص نہیں
اس کا سایا لگتا ہوں
سارے رشتے تشنہ ہیں
کیا میں دریا لگتا ہوں
اس سے گلے مل کر خود کو
تنہا تنہا لگتا ہوں
خود کو میں سب آنکھوں میں
دھندلا دھندلا لگتا ہوں
میں ہر لمحہ اس گھر سے
جانے والا لگتا ہوں
کیا ہوئے وہ سب لوگ کہ میں
سونا سونا لگتا ہوں
مصلحت اس میں کیا ہے میری
ٹوٹا پھوٹا لگتا ہوں
کیا تم کو اس حال میں بھی
میں دنیا کا لگتا ہوں
کب کا روگی ہوں ویسے
شہر مسیحا لگتا ہوں
میرا تالو تر کر دو
سچ مچ پیاسا لگتا ہوں
مجھ سے کما لو کچھ پیسے
زندہ مردہ لگتا ہوں
میں نے سہے ہیں مکر اپنے
اب بیچارہ لگتا ہوں
More Jaun Elia Poetry






