Add Poetry

ایک لڑکا اور لڑکی (علامہ اقبال سے معذرت کےساتھ)

Poet: محمد خلیل الرحمٰن By: محمد خلیل الرحمٰن, Karachi

اک دن کسی لڑکی سے یہ کہنے لگا لڑکا​
اس راہ سے ہوتا ہے گزر روز تہارا​

لیکن مرے دل کی کبھی جاگی نہیں قسمت​
بھولے سے کبھی تم نے مجھے مڑ کے نہ دیکھا​

غیروں کو نہ دیکھو تو کوئی بات نہیں ہے​
اپنوں سے مگر چاہیے یوں کھنچ کے نہ رہنا​

دیکھو جو مجھے ہنس کے تو عزت ہے یہ میری​
گر میری گلی میں تمہیں منظور ہو آنا​

لڑکی نے سنی بات جو لڑکے کی تو بولی​
حضرت کسی نادان کو دیجے گا یہ دھوکا​

باتوں میں یہ لڑکی کبھی آنے کی نہیں ہے​
جو آپ کے چنگل میں پھنسا ، پھر نہیں نکلا​

لڑکے نے کہا ’’واہ! فریبی مجھے سمجھے​
تم سا کوئی نادان زمانے میں نہ ہوگا​

منظور تمہاری مجھے خاطر تھی وگرنہ​
کچھ فائدہ اپنا تو مرا اس میں نہیں تھا​

چلتی ہوئی آئی ہو خدا جانے کہاں سے​
ٹھہرو ذرا دم بھر کے تو ہے اس میں برا کیا​

اس دل کے کئی داغ دکھانے کے ہیں تم کو​
باہر سے سمجھتی ہو اسے گوشت کا ٹکڑا​

لڑکی نے کہا خیر یہ سب ٹھیک ہے لیکن​
میں آپ کے پاس آؤں یہ امید نہ رکھنا​

بس آپ کے چنگل سے خدا مجھ کو بچائے​
پھنس جائے کوئی اس میں تو نکلا نہ کبھی کا​

لڑکے نے کہا دل میں، سنی بات جو اس کی​
پھانسوں اسے کس طرح ، یہ کمبخت ہے دانا​

سو کام خوشامد سے نکلتے ہیں جہاں میں​
دیکھو جسے دنیا میں خوشامد کا ہے پتلا​

یہ سوچ کے لڑکی سے کہا اس نے بڑی بی!​
اللہ نے بخشا ہے جو یہ تم کو سراپا​

یوں تو ہے مجھے آپ کی صورت سے محبت​
جس دن سے کہیں آپ کو میں نے جو ہے دیکھا​

آنکھیں ہیں تمہاری کہ پیالے ہیں یہ مے کے​
ہے آپ کو اللہ نے فرصت سے بنایا​

یہ حسن، یہ پوشاک، یہ خوبی ،یہ صفائی​
پھر اس پہ قیامت ہے یہ چلتے ہوئے آنا​

لڑکی نے سنی جب یہ خوشامد تو یہ بولی​
گرچہ ہے نہیں آپ سے مجھ کو کوئی کھٹکا​

گو آپ کی تعریف بجا ہے مرے بھائی​
پر مجھ کو بزرگوں نے مرے ہے یہ بتایا​

گو یوں تو ہر اک شخص ہی اچھا ہے جہاں میں​
کرنا نہ ہراک شخص پہ فوراً ہی بھروسا​

رستے میں تو میں بات کسی سے نہ کروں گی​
یہ کہہ کے گئی راہ پہ اور مڑ کے نہ دیکھا​

نوٹ: جناب محمود احمد غزنوی کی فرمائش پر لکھی گئی، جس میں پہلا شعر انھوں نے ہی بنایا ہے۔​

Rate it:
Views: 683
13 Mar, 2014
Related Tags on Funny Poetry
Load More Tags
More Funny Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets