بس اتنا کرو مجھ پہ احسان جاناں
کسی دن بنو میرے مہمان جاناں
چراغاں کروں گی ہر اک راستے پر
ترے آنے کا ہو جو امکان جاناں
میں جس روز دیکھوں گی صورت تمہاری
رہے گا نہ پھر کوئی ارمان جاناں
تری دید سے سب، میں پورا کروں گی
محبت میں ہوگا جو نقصان جاناں
یہ دنیا اسی وقت میں چھوڑ دوں گی
جہاں، جب ترا ہوگا فرمان جاناں
مجھے دنیا تیرے حوالے سے جانے
سو بن جانا تم میری پہچان جاناں
صدف ہر طرف ہو محبت کی خوشبو
بسائیں اک ایسا گلستان جاناں