تمام عمر بڑے سخت امتحان میں تھا
وہ فاصلہ جو ترے میرے درمیان میں تھا
پروں میں سمٹا تو ٹھوکر میں تھا زمانے کی
اڑا تو ایک زمانہ مری اڑان میں تھا
اسی پہ ہو گیا قربان دو دلوں کا ملاپ
وہ جائیداد کا جھگڑا جو خاندان میں تھا
تجھے گنوا کے کئی بار یہ خیال آیا
تری انا ہی میں کچھ تھا نہ میری آن میں تھا