بسم اللہ الرحمن الرحیم
صلی اللہ علیہ وسلم
مدینہ میں عبادت کا مزہ ہی کچھ اور ہے
درِ نبی کی زیارت کا مزہ ہی کچھ اور ہے
یوں تو جاری ہے ہر جا رحمتِ باری پر
درِ نبیؐ کی برکات کا مزہ ہی کچھ اور ہے
اصنافِ سخن سے سجی ہیں کتابیں پر
شاہ اممؐ کی نعت کا مزہ ہی کچھ اور ہے
آبِ عشق نبیؐ سے نصیب ہو وضو الفاظ کو
تو تحریر گلِ نعت کا مزہ ہی کچھ اور ہے
انبیاء کو تھیں حاصل خوبیاں بہت، پر
حضورؐ کی صفات کا مزہ ہی کچھ اور ہے
محبوب ہیں پیامبر سب ربِ عالم کو،پر
طٰہٰؐ کے درجات کا مزہ ہی کچھ اور ہے
جاری اشکوں سے ہو بیاں دردِ دل تو
نبیؐ سے مناجات کا مزہ ہی کچھ اور ہے
درِ خاکِ نبیؐ پر جھکی ہو جبینِ خاکی تو
برساتِ رحمت کا مزہ ہی کچھ اور ہے
شفاعتِ شافع محشر ہو نصیب تو ،حضوری
نارِ جہنم سے نجات کا مزہ ہی کچھ اور ہے
صلی اللہ علیہ وسلم