جانتی ہوں کہ وہ خفا بھی نہیں

Poet: زاہدہ حنا By: Zaid, Sialkot
Janti Hon Ke Woh Khafa Bhi Nahi

جانتی ہوں کہ وہ خفا بھی نہیں
دل کسی طور مانتا بھی نہیں

کیا وفا و جفا کی بات کریں
درمیاں اب تو کچھ رہا بھی نہیں

درد وہ بھی سہا ہے تیرے لیے
میری قسمت میں جو لکھا بھی نہیں

ہر تمنا سراب بنتی رہی
ان سرابوں کی انتہا بھی نہیں

ہاں چراغاں کی کیفیت تھی کبھی
اب تو پلکوں پہ اک دیا بھی نہیں

دل کو اب تک یقین آ نہ سکا
یوں نہیں ہے کہ وہ ملا بھی نہیں

وقت اتنا گزر چکا ہے حناؔ
جانے والے سے اب گلہ بھی نہیں

Rate it:
Views: 934
27 May, 2021