جس کو دیکھو ہے واہ کی خواہش
کاش سب کو ہو آہ کی خواہش
بے وفا سے نباہ کی خواہش
گویا حالِ تباہ کی خواہش
کیا تماشا کروں تماشے کا
کچھ نہیں بس ہے جاہ کی خواہش
سچ کی ایذا رسانیاں دارو
ختم کردے گناہ کی خواہش
رہنما راہزن ہیں ہم معنی
کیا ہو رہبر یا راہ کی خواہش
عالی ہمت کے واسطے گلزار
پست ہمت کو کاہ کی خواہش
ہر قدم منزلیں قدم چومیں
کتنی پیاری ہے چاہ کی خواہش
مقصدِ ہست ہے رضاٸے رب
الفتِ بے پناہ کی خواہش
رشک جو رب کا نور پارہﷺ ہیں
اُن ﷺ کی بس اک نگاہ کی خواہش