Add Poetry

جہان بھر کی تمام آنکھیں نچوڑ کر جتنا نم بنے گا

Poet: عمیر نجمی By: Zain, Peshawar
Jahan Bhar Ki Tamam Ankhen Nichor Kar Jitna Num Banay Ga

جہان بھر کی تمام آنکھیں نچوڑ کر جتنا نم بنے گا
یہ کل ملا کر بھی ہجر کی رات میرے گریہ سے کم بنے گا

میں دشت ہوں یہ مغالطہ ہے نہ شاعرانہ مبالغہ ہے
مرے بدن پر کہیں قدم رکھ کے دیکھ نقش قدم بنے گا

ہمارا لاشہ بہاؤ ورنہ لحد مقدس مزار ہوگی
یہ سرخ کرتا جلاؤ ورنہ بغاوتوں کا علم بنے گا

تو کیوں نہ ہم پانچ سات دن تک مزید سوچیں بنانے سے قبل
مری چھٹی حس بتا رہی ہے یہ رشتہ ٹوٹے گا غم بنے گا

مجھ ایسے لوگوں کا ٹیڑھ پن قدرتی ہے سو اعتراض کیسا
شدید نم خاک سے جو پیکر بنے گا یہ طے ہے خم بنے گا

سنا ہوا ہے جہاں میں بے کار کچھ نہیں ہے سو جی رہے ہیں
بنا ہوا ہے یقیں کہ اس رائیگانی سے کچھ اہم بنے گا

کہ شاہزادے کی عادتیں دیکھ کر سبھی اس پر متفق ہیں
یہ جوں ہی حاکم بنا محل کا وسیع رقبہ حرم بنے گا

میں ایک ترتیب سے لگاتا رہا ہوں اب تک سکوت اپنا
صدا کے وقفے نکال اس کو شروع سے سن ردھم بنے گا

سفید رومال جب کبوتر نہیں بنا تو وہ شعبدہ‌ باز
پلٹنے والوں سے کہہ رہا تھا رکو خدا کی قسم بنے گا

Rate it:
Views: 1259
29 Mar, 2021
Related Tags on Umair Najmi Poetry
Load More Tags
More Umair Najmi Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets