Add Poetry

حمد باری تعالیٰ

Poet: Muhammad Mumtaz Rashid By: uzma ahmad, Lahore

میرے مالک میری رضا تو ہے
میں ہوں بندہ میرا خدا تو ہے

اور کیا اس کے ماسوا تو ہے
ابتدا تو ہے، انتہا تو ہے

منبع خلق و ارتقاء تو ہے
محور دین مصطفٰی تو ہے

میں ہوں تنہا مگر نہیں تنہا
ساتھ ہر وقت دوسرا تو ہے

جب بھی کہتا ہے کوئی نعت نبی
حرف در حرف بولتا تو ہے

حکمرانوں کا حکمراں تو ہے
رہنماؤں کا رہنما تو ہے

تیرا فیضان ہے سبھی کے لئے
کرد گار شہ و گدا تو ہے

اہل ایماں ہیں تیرے گھر کے دیے
ان دیوں کی مگر جلا تو ہے

اس سے دنیا خفا ہے تو بھی کیا
جس کسی شخص کی رضا تو ہے

ظلمت دہر کیا ڈرائے گی
ظلمت دہر میں ضیا تو ہے

تجربہ ہے غموں کے ماروں کا
سب بلاؤں کو ٹالتا تو ہے

کون ہے رب سوال جب ابھرا
دل نے فوراً یہ کہہ دیا تو ہے

باطناً تو ہی تو ہے نظروں میں
ظاہراً آنکھ سے چھپا تو ہے

جب بھی راشد ہو مبتلائے غم
درد و غم اس کے بانٹتا تو ہے

Rate it:
Views: 688
18 Dec, 2009
More Religious Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets