Add Poetry

خواب کی حالتوں کے ساتھ تیری حکایتوں میں ہیں

Poet: جون ایلیا By: مصدق رفیق, Karachi

خواب کی حالتوں کے ساتھ تیری حکایتوں میں ہیں
ہم بھی دیار اہل دل تیری روایتوں میں ہیں

وہ جو تھے رشتہ ہائے جاں، ٹوٹ سکے بھلا کہاں
جان وہ رشتہ ہائے جاں اب بھی شکایتوں میں ہیں

ایک غبار ہے کہ ہے دائرہ وار پر فشاں
قافلہ ہائے کہکشاں تنگ ہیں وحشتوں میں ہیں

وقت کی درمیانیاں کر گئیں جاں کنی کو جاں
وہ جو عداوتیں کہ تھیں آج محبتوں میں ہیں

پرتو رنگ ہے کہ ہے دید میں جانشین رنگ
رنگ کہاں ہیں رونما رنگ تو نکہتوں میں ہیں

ہے یہ وجود کی نمود اپنی نفس نفس گریز
وقت کی ساری بستیاں، اپنی ہزیمتوں میں ہیں

گرد کا سارا خانماں ہے سر دشت بے اماں
شہر ہیں وہ جو ہر طرح گرد کی خدمتوں میں ہیں

وہ دل و جان صورتیں جیسے کبھی نہ تھیں کہیں
ہم انہیں صورتوں کے ہیں ہم انہیں صورتوں میں ہیں

میں نہ سنوں گا ماجرا معرکہ ہائے شوق کا
خون گئے ہیں رائیگاں رنگ ندامتوں میں ہیں
 

Rate it:
Views: 12
26 Dec, 2024
Related Tags on Jaun Elia Poetry
Load More Tags
More Jaun Elia Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets