Add Poetry

سب کہاں! کچھ لالہ و گل میں نمایاں ہو گئیں

Poet: Mirza Ghalib By: TARIQ BALOCH, HUB CHOWKI
Sab Kahan Kuch Lala O Gul Mein Numaya Ho Gayeen

سب کہاں! کچھ لالہ و گل میں نمایاں ہو گئیں
خاک میں‘ کیا صورتیں ہوں گی کہ پنہاں ہو گئیں

یاد تھیں‘ ہم کو بھی‘ رنگا رنگ بزم آرائیاں
لیکن اب نقش و نگارِ طاق نسیاں ہو گئیں

تھیں بنات النعشِ گردوں‘ دن کو پردے میں نہاں
شب کو ان کے جی میں کیا آئی کہ‘ عریاں ہو گئیں

قید میں یعقوب نے لی‘ گو نہ یوسف کی خبر
لیکن آنکھیں روزنِ دیوارِ زنداں ہو گئیں

سب رقیبوں سے ہوں نا خوش‘ پر زنانِ مصر سے
ہے زلیخا خوش‘ کہ محوِ ماہِ کنعاں ہو گئیں

جوئے خوں آنکھوں سے بہنے دو کہ‘ ہے شام فراق
میں یہ سمجھوں گا کہ‘ شمعیں دو فروزاں ہو گئیں

انِ پری زادوں سے لیں گے خلد میں ہم انتقام
قدرتِ حق سے یہی حوریں‘ اگر ‘ واں ہو گئیں

نیند اس کی ہے‘ دماغ اس کا ہے‘ راتیں اس کی ہیں
تیری زلفیں جس کے بازو پر‘ پریشاں ہو گئیں

میں چمن میں کیا گیا‘ گویا دبستاں کھل گیا
بلبلیں سن کر میرے نالے‘ غزلخواں ہو گئیں

وہ نگاہیں کیوں ہوئی جاتی ہیں‘ یا رب! دل کے پار؟
جو‘ میری کوتاہیِ قسمت سے‘ مژگاں ہو گئیں

بس کہ روکا میں نے‘ اور سینہ میں ابھریں پے بہ پے
میری آہیں بخیۂ چاکِ گریباں ہو گئیں

واں گیا بھی میں‘ تو ان کی گالیوں کا کیا جواب
یاد تھیں جتنی دعائیں‘ صرفِ درباں ہو گئیں

جاں فزا ہے بادہ‘ جس کے ہاتھ میں جام آ گیا
سب لکیریں ہاتھ کی‘ گویا ‘ رگِ جاں ہو گئیں

ہم موّحد ہیں‘ ہمارا کیش ہے ترکِ رسوم
ملتیں جب مٹ گئیں‘ اجزائے ایماں ہو گئیں

رنج سے خوگر ہوا انساں‘ تو مٹ جاتا ہے رنج
مشکلیں مجھ پر پڑیں اتنی کہ آساں ہو گئیں

یوں ہی گر روتا رہا غالب! تو اے اہلِ جہاں
دیکھنا ان بستیوں کو تم کہ‘ ویراں ہو گئیں

Rate it:
Views: 2741
07 Sep, 2011
Related Tags on Mirza Ghalib Poetry
Load More Tags
More Mirza Ghalib Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets