سخت مشکل ہے تِرے شہر سے جانا جاناں
اِس کے ہر سنگ سے ہے ربط پرانا، جاناں
ہم کو خوش آتا ہے تیرا یُوں ستانا جاناں
پاس بُلوا کے ہمیں دُور بٹھانا، جاناں
اشک روکے تو ہوئے شعر زباں پر جاری
ہم کو آیا نہ کبھی درد چھپانا، جاناں
کس قدَر پیار سے ٹوکا ہے، قسم سے، اُس نے
"قدْر کھو دیتا ہے ہر روز کا آنا، جاناں"
(چوتھے شعر میں ضرب المثل مصرعے کو خفیف سے تصرف کے ساتھ استعمال کیا ہے)