اِس دیس کے باسی کہتے ہیں
ہے دوش ہمارا کیا بابا؟
پامال ہوئیں سب قندیلیں
!ظلمت میں گزارہ کیا بابا
آ دیکھ ذرا یاں سُولی پر
لٹکی ہے صداقت نگر نگر
جس دیس میں باطل طاقتور
!واں سچ کا سہارا کیا بابا
اِس دیس کے باسی کہتے ہیں
ہے دوش ہمارا کیا بابا؟
جب عدل نہ ہو ایوانوں میں
ماؤں کی دعائیں کیا حاصل؟
ہاتھوں کی لکیریں کیا معنی ؟
!قسمت کا ستارہ کیا بابا
اِس دیس کے باسی کہتے ہیں
ہے دوش ہمارا کیا بابا؟
*چند ایماندار صحافیوں کے اغوا اور قتل پر۔