فرضی دعویدار ہے
اپنی جو بھی یاری ہے
میرے وعدے پر مت جا
یہ بالکل سرکاری ہے
وقت کو کوسو کے اس کی
رگ رگ میں مکاری ہے
اور بھلا کیا ہے جینا
مرنے کی تیاری ہے
اک بس تو ہی ہے تیرا
باقی دنیا داری ہے
اور تو کیا کرتے تنہا
خود سے ہی جھک ماری ہے
تم کو پڑھ کر بھول گیا
دل بھی کیسا کاری ہے
دل نے عشق کی ناکامی
قسمت پر دے ماری ہے
غم کو اماں دینا آفیؔ
صدموں کی فن کاری ہے