لبوں پہ جب بھی محمد کا نام آتا ہے
بصد خلوص بصد احترام آتا ہے
تمھارے نام کا کیا کہنا یا رسول الله
تمھارا نام تو محشر میں کام آتا ہے
خیال کیجئے کیا ان کا مرتبہ ہو گا
خدا کا عرش سے جن کو سلام آتا ہے
کوئ بھی فاصلہ معبود و عبد میں نہ رہے
عبادتوں میں کبھی وہ مقام آتا ہے
ہو اک نگاہ کرم بس یہ آرزو لے کر
تمھارے در پہ تمھارا غلا م آتا ہے
وہاں گزارے حسیں پل بھلا نہیں سکتا
حسن جو طیبہ میں کرکے قیام آتا ہے