Add Poetry

مجھ پہ بھی چشمِ کرم اے میرے آقا کرنا

Poet: نصیر الدین نصیر By: aftab, Lahore
Mujh Pay Bhi Chashm E Karam Ae Mere Aaqa Karna

مجھ پہ بھی چشمِ کرم اے میرے آقا کرنا
حق تو میرا بھی ہے رحمت کا تقاضا کرنا

میں کہ ذرہ ہوں مجھے وسعتِ صحرا دےدے
کہ تیرے بس میں ہے قطرے کو بھی دریا کرنا

میں ہوں بےکس ترا شیوہ ہے سہارا دینا
میں ہوں بیمار ترا کام ہے اچھا کرنا

تُو کسی کو بھی اٹھاتا نہیں اپنے در سے
کہ تری شان کے شایاں نہیں ایسا کرنا

تیرے صدقے، وہ اُسی رنگ میں خود ہی ڈوبا
جس نے، جس رنگ میں چاہا مجھےرُسوا کرنا

یہ ترا کام ہے اے آمنہ کے دُرِّ یتیم
ساری امّت کی شفاعت، تنِ تنہا کرنا

کثرتِ شوق سے اوسان مدینے میں ہیں گم
نہیں کُھلتا کہ مجھے چاہیے کیا کیا کرنا

یہ تمنائے محبت ہے کہ اے داورِ حشر
فیصلہ میرا سپردِ شہہِ بطحا کرنا

آل و اصحاب کی سنت ، مرا معیارِ وفا
تری چاہت کے عوض ، جان کا سودا کرنا

شاملِ مقصدِ تخلیق یہ پہلو بھی رہا
بزمِ عالم کو سجا کر ترا چرچا کرنا

یہ صراحت ورفعنالک ذکرک میں ہے
تیری تعریف کرنا ،تجھے اونچا کرنا

تیرے آگے وہ ہر اک منظرِ فطرت کا ادب
چاند سورج کا وہ پہروں تجھے دیکھا کرنا

طبعِ اقدس کے مطابق وہ ہواؤں کا خرام
دھوپ میں دوڑ کے وہ ابر کا سایا کرنا

دشمن آجائے تو اٹھ کر وہ بچھانا چادر
حسنِ اخلاق سے غیروں کو وہ اپنا کرنا

کوئی فاروق سے پوچھے کہ کسے آتا ہے
دل کی دنیا کو نظر سے تہہ وبالا کرنا

اُن صحابہ کی خوش اطوار نگاہوں کو سلام
جن کا مسلک تھا طوافِ رخِ زیبا کرنا

مجھ پہ محشر میں نصیرؔ اُن کی نظر پڑ ہی گئی
کہنے والے اسے کہتے ہیں، خدا کا کرنا

Rate it:
Views: 4388
18 Jan, 2021
More Naseeruddin Naseer Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets