Add Poetry

محبت کا جنم دن

Poet: ذیشان ساحل By: مصدق رفیق, Karachi

آج محبت کا جنم دن ہے
آج ہم اداسی کی چھری سے

اپنے دل کو کاٹیں گے
آج ہم اپنی پلکوں پر

جلتی ہوئی موم بتی رکھ کے
ایک تار پر سے گزریں گے

ہمیں کوئی نہیں دیکھے گا
مگر ہم ہر بند کھڑکی کی طرف

دیکھیں گے
ہر دروازے کے سامنے پھول رکھیں گے

کسی نہ کسی بات پر
ہم روئیں گے اور اپنے رونے پر

ہم ہنسیں گے
آج محبت کا جنم دن ہے

آج ہم ہر درخت کے سامنے سے
گزرتے ہوئے

ٹوپی اتار کر اسے سلام کریں گے
ہر بادل کو دیکھ کے

ہاتھ ہلائیں گے
ہر ستارے کا شکریہ ادا کریں گے

ہمارے آنسوؤں نے
ہمارے ہتھیلیوں کو چھلنی کر دیا ہے

آج ہم اپنے دونوں ہاتھ
جیبوں میں ڈال کر چلیں گے

اور اگلے برس تک چلتے رہیں گے

Rate it:
Views: 13
12 Feb, 2025
More Valentine Day Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets