مرے نبی کی مثال کیا ہو ؟
کسی کا اُن سا جمال کیا ہو؟
نوازتے ہیں بغیر مانگے
کسی کا ایسا نوال کیا ہو ؟
وہی ہیں رحمت جہان بھر کی
کسی میں ایسا کمال کیا ہو ؟
جودُور اُن سے وہ دُور رب سے
تو منکروں کو نہال کیا ہو ؟
قریبِ رب ہے نبی کا شیدا
تو عاشقوں کو ملال کیا ہو ؟
بڑھاے جب خود خدائے مطلق
تو شانِ شہ کو زوال کیا ہو ؟
ہے جبکہ سوزِ دروں سے راحت
تو پھر دوا کا سوال کیا ہو ؟
پڑھے مُشاہدؔ دُرود ہر پل
کہ اس سے بہتر خصال کیا ہو ؟