Add Poetry

مصطفی خیر الوریٰ ہو

Poet: Imam Ahmad Raza Khan By: Qaddri Raza, Lahore

مصطفی خیر الوریٰ ہو
سرور ہر دو سرا ہو

اپنے اچھوں کا تصدق
ہم بدوں کو بھی نباہو

کس کے پھر ہو کے رہیں ہم
گر تمہی ہم کو نہ چاہو

بد ہنسیں تم ان کی خاطر
رات بھر روو کراہو

بد کریں ہر دم برائی
تم کہو ان کا بھلا ہو

ہم وہی ناشستہ رو ہیں
تم وہی بحر عطاء ہو

ہم وہی شایان رو ہیں
تم وہی شان سخا ہو

ہم وہی بے شرم و بد ہیں
تم وہی کان حیاء ہو

ہم وہی ننگ جفا ہیں
تم وہی جان وفا ہو

ہم وہی قابل سزا کے
تم وہی رحم خدا ہو

چرخ بدلے دہر بدلے
تم بدلنے سے ورا ہو

اب ہمیں ہوں سہو حاشا
ایسی بھولوں سے جدا ہو

عمر بھر تو یاد رکھا
وقت پر کیا بھولنا ہو

وقت پیدائش نہ بھولے
کَیْفَ یَنسٰی کیوں قضاء ہو

یہ بھی مولیٰ عرض کر دوں
بھول اگر جاؤ تو کیا ہو

وہ ہو جو تم پر گراں ہے
وہ ہو جو ہرگز نہ چاہو

وہ ہو جس کا نام لیتے
دشمنوں کا دل برا ہو

وہ ہو جس کی رد کی خاطر
رات دن وقف دعا ہو

مر مٹیں برباد بندے
خانہ آباد آگ کا ہو

شاد ہو ابلیس ملعون
غم کسے اس قہر کا ہو

تم ہو واﷲ تم کو
جان و دل تم پر فدا ہو

تم کو غم سے حق بچائے
غم عدو کو جاں گزا ہو

تم سے غم کو کیا تعلق
بے کسوں کے غم زُدا ہو

حق درودیں تم پر بھیجے
تم مدام اس کو سراہو

وہ عطاء دے تم عطاء لو
وہ وہی چاہے جو چاہو

بر تو او پاشد تو برما
تا ابد یہ سلسلہ ہو

کیوں رضاؔ مشکل سے ڈرئیے
جب نبی مشکل کشاء ہو

Rate it:
Views: 687
13 Jun, 2011
More Religious Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets