دل میں جاگا آج جذبہ مدحتِ فاروق کا
اے قلم اب کر بیاں تو شوکتِ فاروق کا
رحمتِ عالم نے اُن کی شاں بیاں فرمائی ہے
مرتبہ کیسے بیاں ہو حضرتِ فاروق کا
حضرتِ فاروق ہیں دینِ مبیں کے اک ستوں
قلبِ مضطر کو ملے گا نام سے ان کے سکوں
اُن کی مرضی رب کی مرضی دیکھ لو قرآن میں
اے مُشاہدؔ کس طرح سے اُن کی مدحت کو لکھوں
’’بن کے شمشیٖرِ مجسم ابنِ خطاب آئے تھے‘‘
عزم لے کر نُورِ احمد کو بجھانے کے لیے
دیکھتے ہی سیدِ عالم کے روئے پاک کو
پھینک کر تلوار فوراً کلمہ پڑھنے لگ گئے
حضرتِ فاروقِ اعظم جب مسلماں ہوگئے
تب روانہ سوئے مسجد اہلِ ایماں ہوگئے
میں نے جب فاروقِ اعظم کو پکارا رنج میں
درد و غم خود ہی مرے ، لوگو! پریشاں ہوگئے
ہیں مُرادِ شاہِ کوثر آپ ہی تو بالیقیں
آپ سے خائف رہے دُشمنِِ دینِِ مبیں
ذاتِ والا کی بھلا تاثیٖر کیسے ہو رقم
نام سے ہی بھاگ اُٹّھا جب کہ شیطانِ لعیں
جذبۂ ایثار کا پیغام دنیا کو دیا
نظم و ضبط و حِلم میں کوئی نہیں فاروق سا
عدل و انصاف و مروّت میں نہیں ثانی کوئی
اہلِ مغرب کرتے ہیں تعریف اُن کی برملا