کُھلتا ہے راز زندگی کے عَرض و طُول کا
لکھتی ہوں جب بھی شعر میں نعتِ رسول ﷺ کا
پیشِ حضور ﷺ کیسے بیاں دردِ دل کروں
دل منتظر ہے رحمتوں کے ہر نزول کا
میں دیکھتی ہوں خواب میں روضے کی رونقیں
اب وقت آ گیا ہے دعا کے قبول کا
طرزِ حیات کی نہیں تمثیل دہر میں
ہر کام بے مثال ہے میرے رسول ﷺ کا
یثرب کو جا رہی ہے مری سوچ کی گلی
مشکل نہیں ہے راستہ اُن ﷺ کے حصول کا
میرے لئے حیات ہے وشمہ جہان میں
ہر اک نشان آپﷺ کے قدموں کی دھول کا