Add Poetry

نعتِ پاکِ مصطفیٰ ﷺ

Poet: Dr.Muhammed Husain Mushahid Razvi By: Dr.Muhammed Husain Mushahid Razvi, Malegaon

یہ تبسّم اچھا نہیں اور یہ ہنسی اچھی نہیں
ہو نہ عشقِ مصطفیٰ تو زندگی اچھی نہیں

بھیجیے اُن پر درود اور بھیجیے اُن پر سلام
چارروزہ زندگی میں خامشی اچھی نہیں

نورِ عشقِ مصطفیٰ سے دل نہ ہو روشن اگر
ظاہری دنیا کی ہر اک روشنی اچھی نہیں

ذکر و فکرِ مصطفیٰ سے دور کردے جو ہمیں
ایسا غم بے کار ایسی دل لگی اچھی نہیں

جس کے دل میں کچھ بھی نہ ہو عظمتِ شاہِ رُسل
ایسے انساں سے سراسر دوستی اچھی نہیں

روئے انور کے تصوّر میں جو ہیں کھوئے ہوئے
اُن کی نظروں میں گلوں کی تازگی اچھی نہیں

جن کو خارِ دشتِ طیبہ سے ہے مطلب دوستو!
اُن کی نظروں میں گلوں کی دل کشی اچھی نہیں

کردے جو غافل رسول اللہ کے فرمان سے
مردِ مومن کے لیے وہ بے خودی اچھی نہیں

قبر کے اندھیاروں کو جو کرسکے نہ دور ، وہ
دوستو! تہذیبِ نَو کی روشنی اچھی نہیں

سُنّتِ نبوی کے جو برعکس ہی تعلیم دیں
حق کے متوالوں کو اُس کی پیروی اچھی نہیں

لِکھ سکے نہ جو مُشاہدؔ نعتِ پاکِ مصطفیٰ
فکر ناقص اور اُس کی شاعری اچھی نہیں
 

Rate it:
Views: 459
05 Jan, 2013
More Religious Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets