Add Poetry

نہ آسماں کو یوں سر کشیدہ ہونا تھا

Poet: اعلیٰحضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ الرحمٰن By: kanzul.ilam, Lahore

نہ آسماں کو یوں سر کشیدہ ہونا تھا
حضور خاک مدینہ خمیدہ ہونا تھا

اگر گلوں کو خزاں نا رسیدہ ہونا تھا
کنارِ خار مدینہ دمیدہ ہونا تھا

حضور اُن کے خلاف ادب تھی بیتابی
میری اُمید تجھے آرمیدہ ہونا تھا

نظارہ کاکِ مدینہ کا اور تیری آنکھ
نہ اس قدر بھی قمر شوق دیدہ ہونا تھا

کنارِ خاک مدینہ میں راحتیں ملتیں
دلِ حزین تجھے اشک چکیدہ ہونا تھا

پناہ دامن دشت حرم میں چین آتا
نہ صبر دل کو غزالِ رمیدہ ہونا تھا

یہ کیسے کھلتا کہ ان کے سوا شفیع نہیں
عبث نہ اوروں کے آگے تپیدہ ہونا تھا

ہلال کیسے نہ بنتا کہ ماہِ کامل کو
سلام ابروئے شہ میں خمیدہ ہونا تھا

لَاَ مْلَئَنَّ جَھَنَّمَ تھا وعدہئ ازلی
نہ منکروں کو عبث بد عقیدہ ہونا تھا

نسیم کیوں نہ شمیم ان کی طیبہ سے لاتی
کہ صبح گل کو گریباں دریدہ ہونا تھا

ٹپکتا رنگ، جنوں عشقِ شہ میں ہر گل سے
رگِ بہار کو نشتر رسیدہ ہونا تھا

بجا تھا عرش پر خاک مزار پاک کو ناز
کہ تجھ سا عرش نشیں آفریدہ ہونا تھا

گزرتے جان سے اک شور یا حبیب کے ساتھ
فغاں کو نالہئ حلق بریدہ ہونا تھا

میرے کریم گناہ زہر ہے مگر آخر
کوئی تو شہد شفاعت چشیدہ ہونا تھا

جو سنگ در پہ جبیں سائیوں سے تھا مٹتا
تو میری جان شرار جہیدہ ہونا تھا

تیری قبا کے نہ کیوں نیچے نیچے دامن ہوں
کہ خاکساروں سے یاں کب کشیدہ ہونا تھا

رضاؔ جو دل کو بنانا تھا جلوہ گاہ حبیب
تو پیارے قید خودی سے رہیدہ ہونا تھا

Rate it:
Views: 662
04 Nov, 2011
More Religious Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets