Add Poetry

نیند آنکھوں ہی آنکھوں میں کٹتی گئی پو بھی پھٹتی گئی

Poet: Fakhira Batool By: Ahmad, khi
Soch Lo Neend Aankhon Hi Aankhon Mein Katti Gayi Po Bhi Phatti Gayi

اس کو بھولے بنا کوئی چارہ نہیں وہ ہمارا نہیں
عشق اک بار ہے یہ دوبارہ نہیں وہ ہمارا نہیں

کوئی پھولوں سے خوشبو کو آ کے چنے کوئی گجرے بنے
یہ محبت ہے اس میں خسارہ نہیں وہ ہمارا نہیں

نیند آنکھوں ہی آنکھوں میں کٹتی گئی پو بھی پھٹتی گئی
یاد کرتے رہے پر پکارا نہیں وہ ہمارا نہیں

کوئی شکوہ نہیں آشنائی نہیں جگ ہنسائی نہیں
بس ہمیں اس سے ملنا گوارا نہیں وہ ہمارا نہیں

ہم تو کہتے ہیں وہ بھی جلے آگ میں درد کے راگ میں
کوئی تشبیہ نہ استعارہ نہیں وہ ہمارا نہیں

عشق ناشاد ہے عشق برباد ہے عشق فریاد ہے
اس سمندر کا کوئی کنارہ نہیں وہ ہمارا نہیں

چاند سورج ستارے وہی آسماں کچھ نہیں درمیاں
کوئی شکوہ شکایت اشارہ نہیں وہ ہمارا نہیں

بیتی یادوں کو دل سے بھلانا پڑا لوٹ جانا پڑا
اپنا اس شہر میں اب گزارہ نہیں وہ ہمارا نہیں

یہ کہانی ہماری تمہاری بھی ہے آہ و زاری بھی ہے
کوئی جیتا نہیں کوئی ہارا نہیں وہ ہمارا نہیں

Rate it:
Views: 2072
06 Feb, 2020
More Fakhira Batool Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets