وقت ہی کم تھا فیصلے کے لیے
ورنہ میں آتا مشورے کے لیے
تم کو اچھے لگے تو تم رکھ لو
پھول توڑے تھے بیچنے کے لیے
گھنٹوں خاموش رہنا پڑتا ہے
آپ کے ساتھ بولنے کے لیے
سینکڑوں کنڈیاں لگا رہا ہوں
چند بٹنوں کو کھولنے کے لیے
ترک اپنی فلاح کر دی ہے
اور کیا ہو معاشرے کے لیے
ایک دیوار باغ سے پہلے
اک دوپٹہ کھلے گلے کے لیے
لوگ آیات پڑھ کے سوتے ہیں
آپ کے خواب دیکھنے کے لیے
اب میں رستے میں لیٹ جاوں کیا
جانے والوں کو روکنے کے لیے