مانگنا ہے تو پھر دِن رات میں کیا رکھا ہے؟
پیر، منگل یا جمعرات میں کیا رکھا ہے؟
مانگنا، آرٹ ہے اور آرٹ میں کاہے کی جھِجَک
عزت وزت کی خُرافات میں کیا رکھا ہے؟
بھیک پانا نہیں آسان میرے ہموطنو
تن آسانی کے خیالات میں کیا رکھا ہے؟
اوالعزمی و محنت و مُکمل اِیقاں
جانئے بھیک کی برکات میں کیا رکھا ہے؟
ایم اے نفسیات بھکاری ہی ہے دَرکار کہ اب
جاہلوں کی سی کسی بات میں کیا رکھا ہے؟
بِلا تعصب مانگو اور سب سے مانگو
رنگ، زباں، نسل اور ذات میں کیا رکھا ہے؟
قائداعظم کی فوٹو سے ہے اُلفت ورنہ
راہ نوردوں سے مُلاقات میں کیا رکھا ہے؟
اب ضروری ہے سوئس بینکوں میں کھاتہ کھولو
حُب الوطنی کے ان جذبات میں کیا رکھا ہے؟
شکل سے مُفلس ہونا بھی کرم ہے سرور
حُسنِ ظاہر کی مُناجات میں کیا رکھا ہے؟