چل قلم اب نعتِ احمد کر رقَم
ہیں وہی محبوبِ رب شاہِ اُمم
جب مدینہ خود ہے جنّت دوستو!
کیوں ہو دل میں خواہشِ باغِ اِرم
ہیں سراپا نور میرے مصطفیٰ
ہیں وہی مہرِ عرب ماہِ عجم
زُلفِ اطہر کی ثنا واللیل ہے
اور ہے والشمس میں رُخ کی قسم
مصطفیٰ ہیں وجہِ تخلیقِ جہاں
سارے عالم کا انھیں سے ہے بھرم
آپ کی آمد کا تھا یہ دبدبہ
گرگئے کعبہ میں اوندھے مُنہ صنَم
جانِ پاک اور نطقِ اطہر ہی نہیں
شہر کی بھی آئی قرآں میں قسم
ناز ہم کو رحمتِ غفّار پر
اور شفاعت کو نبیِ محترم
آپ کے لب پر ’’ نہیں ‘‘ آتا نہیں
آپ کا بے مثل ہے جود و کرم
ہر طرف اُن کے کرم کی دھوم ہے
مُنکرو! کرلو سرِ تسلیم خم
عظمتِ احمد میں شک کرتے ہیں جو
حشر میں کھل جاے گا ان کا بھرم
ہم کو اُن کی ہی خوشی مطلوب ہو
ہو رسول پاک ہی کا ہم کو غم
فرقتِ طیبہ سے دل مغموم ہے
ذکرِ طیبہ چھیڑیے ، ہوگا کرم
پوری ہو جائے تمنّاے دلی
کاش طیبہ میں نکل جاے یہ دم
استقامت دیں شہِ بطحا ہمیں
مسلکِ احمد رضا پر نکلے دم
نعت لکھّی آج اُنھیں کے فیض سے
ہے مشاہدؔ مجھ پہ نظمیؔ کا کرم