Add Poetry

ہجرت نے یوں کیا ہے مجھے میری ماں سے دور

Poet: کاشف شکیل By: سلمان علی, Islamabad

ہجرت نے یوں کیا ہے مجھے میری ماں سے دور
یوں لگ رہا ہے جیسے ہوں میں جسم و جاں سے دور

روح و بدن کا رشتہ مکین و مکاں کا ہے
مطلب ہے موت کا کہ مکیں ہے مکاں سے دور

بانہیں چھڑا کے جب وہ گیا میرے پاس سے
مجھ کو لگا کہ میں ہوا دار الاماں سے دور

جاؤ کہیں بھی موت تمہیں آئے گی ضرور
جانا ہے ایک روز سبھی کو یہاں سے دور

الفاظ بھی ہیں تیر زباں بھی ہے اک کماں
بے سوچے سمجھے تیر نہ کرنا کماں سے دور

پت جھڑ میں جس شجر سے وہ گزرا تو یوں ہوا
آئی بہار ہو گئے پتے خزاں سے دور

کاشفؔ بہت ہی سوچ کے ہم نے کیا ہے عشق
سود و زیاں سے دور تمہارے جہاں سے دور

Rate it:
Views: 1815
07 May, 2022
More Mother Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets