ہو فضلِ رب سے حاصل یہ سعادت یارسول اللہ
کہ دل میں آپ ہی کی ہو محبت یارسول اللہ
جگر شق ہے قمر کا صرف انگشتِ مبارک سے
عیاں ہے آپ کی نسبت و قدرت یارسول اللہ
یقیں ہے آپ ہم عصیاں شعاروں کو بچائیں گے
ہے زیبا آپ کو تاجِ شفاعت یارسول اللہ
دُوردِ پاک ہو وِردِ زباں میرے ہر اک لمحہ
بُرے کو ہو عطا یہ اچھی عادت یارسول اللہ
مٹے ظلمت مرے دل کی محبت کے اجالے ہوں
مرے کانِ مرّوت ، جانِ اُلفت یارسول اللہ
مدینہ راحتِ جان و سرورِ قلب و سینہ ہے
عطا ہو حاضری کی اب اجازت یارسول اللہ
کسی شب خواب میں آقا کرم فرمائیے ، مجھ کو
عطا ہو روئے انور کی زیارت یارسول اللہ
رضا و مفتیِ اعظم کی سنت پر رہوں قائم
بنوں خدمت گذارِ اہلِ سنت یارسول اللہ
رضاؔ سے عشق مل جاے حَسنؔ سے حُسنِ گویائی
مُشاہدؔ سیکھ لے آدابِ مدحت یارسول اللہ
٭