انڈیا: سات کلوگرام یورینیم برآمدگی کا کیس انڈین نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی کے سپرد

انڈیا میں دہشت گردی کے واقعات کی تفتیش کرنے والے سب سے اہم ادارے نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی (این ائی اے) نے ممبئی میں سات کلو گرام یورینیم کی فروخت کے اہم معاملے کی تفتیش اپنے ہاتھ میں لے لی ہے۔
یورینیم
Getty Images

انڈیا میں دہشت گردی کے واقعات کی تفتیش کرنے والے سب سے اہم ادارے نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی (این ائی اے) نے ممبئی میں سات کلو گرام یورینیم کی فروخت کے اہم معاملے کی تفتیش اپنے ہاتھ میں لے لی ہے۔

اس سے قبل اس واقعے کی تفتیش ممبئی پولیس کا خصوصی یونٹ شاخ اے ٹی ایس کر رہا تھا۔

مہاراشٹر پولیس کی انسداد دہشت گردی شاخ کے سراغ رسانوں نے گذشتہ ہفتے جگر جے ایش پانڈیہ اور ابو طاہر افضل چودھری نام کے دو افراد کو ممبئی کے نواح سے گرفتار کیا تھا۔

اے ٹی ایس نے اُن کے قبضے سے سات کلو ایک سو گرام قدرتی یورینیم بر آمد کی تھی جس کی قیمت مارکیٹ میں 21 کروڑ انڈین روپے بتائی گئی ہے۔

گرفتار ملزمان یہ یورینیم فرروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی نے اے این آئی کے ترجمان کے حوالے سے خبر دی ہے کہ تفتیشی ادارے نے وزارت داخلہ کے حکم پر اتوار کو اس معاملے کی ایف آئی آر دوبارہ درج کر کے اس کیس کو باضابطہ طور پر اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور اس کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

وہ کانیں جن کی وجہ سے ایٹم بم بنا

’1950 میں گم ہونے والا ایٹم بم شاید مل گیا‘

ہیروشیما پر گرنے والا ایٹم بم لےجانے والا بحری جہاز مل گیا

اس سے قبل ممبئی پولیس نے اس کیس کی ایف آئی آر اے ٹی ایس کے کالا چوکی پولیس سٹیشن میں درج کرائی تھی۔

اے ٹی ایس کی طرف سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایاگیا تھا کہ پولیس کی خصوصی شاخ نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 14 فروری کو ملزم جگر پانڈیہ کویورینیم کی کچھ مقدار کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ پانڈیہ اس یورینیم کی فروخت کے لیے گاہک کی تلاش میں تھا۔

پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے بتایا کہ اسے یہ یورینیم ایک سکریپ ڈیلر ابو طاہر افضل حسین چودھری نے دی تھی۔ پولیس نے بدھ کو چودھری کو کرلا سکریپ ایسوسی ایشن کے احاطے سے گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے سات کلو سو گرام قدرتی یورینیم برآمد کی۔

یورینیم
Getty Images

اے ٹی ایس کے تفتیشی افسرں کے مطابق اس یورینیم کوتجزیے کے لیے ٹرامبے میں واقع بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر بھیجا گیا تھا۔

اٹامک سینٹر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یہ مادہ قدرتی یورینیم ہے اور 'انتہائی تابکار میعار کی ہے جو انسانی زندگی کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔'

میڈیا نے ممبئی پولیس کی انسداد دہشت گردی یونٹ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل شیو دیپ لانڈے کے حوالے سے خبر دی ہے کہ جو قدرتی یورینیم برآمد کی گئی ہے وہ 90 فیصد سے زیادہ خالص ہے۔ پولیس یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ ملزمان کو یہ کیسے پتہ تھا کہ یہ یورینیم ہے۔

یورنیم کی کھلی فروخت کا یہ معاملہ انتہائی سنگین نوعیت کا ہے لیکن اس وقت پورے ملک کی توجہ کورونا کی خوفناک وبا پر مرکوز ہے اس لیے یہ خبر انڈین میڈیا میں دبی رہی اور اس بارے میں ابتدائی خبروں کے بعد مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

پاکستان نے ممبئی میں سات کلوگرام غیر قانونی یورنییم کی برآمدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس معاملے کی مزید تفتیش پر زور دیا ہے۔ پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے ہفتے کے روز ایک ٹویٹ پیغام میں پاکستان کی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’جوہری مادوں کا تحفظ سبھی ملکوں کی اولین ترجیح میں ہونا چاہیے۔ اس معاملے کی گہرائی سے تفتیش کی ضرورت ہے۔‘

یورینیم کی برآمدگی کا یہ معاملہ اب این آئی اے کے ہاتھ میں ہے۔ اس کی تفتیش بنیادی طور پر ان پہلوؤں پر مرکوز ہوگی کہ ملزمان نے اتنی خالص نوعیت کی قدرتی یورینیم کہاں سے اور کس طرح حاصل کی؟ وہ یہ یورینیم کس طرح کے لوگوں کو فروخت کر رہے تھے؟ اورکیا انھوں نے اس سے پہلے بھی یورینیم فروخت کی ہے؟

پولیس کے مطابق اس معاملے میں آنے والے دنوں میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

77