Add Poetry

عرش کی عقل دنگ ہے چرخ میں آسمان ہے

Poet: Imam Ahmad Raza Khan By: Qaddri Razavi, Lahore

عرش کی عقل دنگ ہے چرخ میں آسمان ہے
جان مراد اب کدھر ہائے تیرا مکان ہے

بزم ثنائے زلف میں میری عروس فکر کو
ساری بہار ہشت خلد چھوٹا سا عطر دان ہے

عرش پہ جا کے مرغ عقل تھک کے گرا غش آگیا
اور ابھی منزلوں پرے پہلا ہی آستان ہے

عرش پہ تازہ چھیڑ چھاڑ فرش میں طرفہ دھوم دھام
کان جدھر لگایئے تیری ہی داستان ہے

اک تیرے رخ کی روشنی ، چین ہے دو جہان کی
انس کا انس اسی سے ہے ، جان کی وہی جان ہے

وہ جو نہ تھے تو کچھ نہ تھا ، وہ جو نہ ہوں تو کچھ نہ ہو
جان ہیں وہ جہان کی ، جان ہے تو جہان ہے

گود میں عالم شباب ، حال شباب کچھ نہ پوچھ
گلبن باغ نور کی ، اور ہی اک اٹھان ہے

تجھ سا سیاہ کار کون ، ان سا شفیع ہے کہاں
پھر وہ تجھی کو بھول جائیں ، دل یہ تیرا گمان ہے

پیش نظر وہ نو بہار ، سجدے کو دل ہے بے قرار
روکیے سر کو روکیے ، ہاں یہی امتحان ہے

شان خدا نہ ساتھ دے ، ان کے خرام کا وہ باز
سدرہ سے تاز میں جسے ، نرم سی اک اڑان ہے

بار جلال اٹھا لیا ، گرچہ کلیجہ شق ہوا
یوں تو ماہ سبز رنگ ، نظروں میں دھان پان ہے

خوف نہ رکھ رضاؔ ذرا ، تو تو ہے عبد مصطفےٰ
تیرے لئے امان ہے ، تیرے لئے امان ہے

 

Rate it:
Views: 3365
15 Jun, 2011
More Religious Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets