جا تو رہے ہو

Poet: رشید حسرت By: رشید حسرت, Quetta

بیڑی یہ مِرے پاؤں میں پہنا تو رہے ہو
پِھر عہد خُودی توڑ کے تُم جا تو رہے ہو

پلکوں کی مُنڈیروں پہ پرِندوں کو اُڑاؤ
تسلِیم کیا تُم مُجھے سمجھا تو رہے ہو

پچھتاوا نہ ہو کل، یہ قدم سوچ کے لینا
جذبات میں اُلفت کی قسم کھا تو رہے ہو

سمجھایا تھا کل کِتنا مگر باز نہ آئے
کیا ہو گا ابھی مانا کہ پچھتا تو رہے ہو

رہنے بھی ابھی دِیجِیے اشکوں کا تکلُّف
جب جانتے ہو دِل پہ سِتم ڈھا تو رہے ہو

اب ایک نئے طرزِ رفاقت پہ عمل ہو
تُم بِیچ میں لوگوں کے بھی تنہا تو رہے ہو

کل ٹھوکروں میں جگ کی کہِیں چھوڑ نہ دینا
اِک درد زدہ شخص کو اپنا تو رہے ہو

اِنسان کبھی رِزق سے بھی سیر ہُؤا ہے؟
تقدِیر میں تھا جِتنا لِکھا پا تو رہے ہو

اِس میں بھی کوئی رمز، کوئی فلسفہ ہو گا
حسرتؔ جی ابھی جھوم کے تم گا تو رہے ہو

Rate it:
Views: 316
26 Feb, 2023
More Sad Poetry
" اے میرے خُدا! ہو کیا گیا ہے، آخر کُچھ پتا تو چَلے مُجھے " اے میرے خُدا! ہو کیا گیا ہے، آخر کُچھ پتا تو چَلے مُجھے،
جِسے دِل یاد کرتا ہے، وہ مِلےِ بنا ہی دُنیا چھوڑ جاتا ہے۔
بَڑی حَسرَت سے رَستوں پر نِگاہیں ، مُنتظر رَہتی ہیں ہر لَمحہ،
جِسے آنا بہت ہوتا ہے، وہ مِلے بِنا ہی دُنیا چھوڑ جاتا ہے۔
کئی خوابوں کی شاخوں پر ، تمناؤں کے پتے جھُولتے رَہتے،
مگر دِل کا مُقَدَّر دیکھیے، وہ مِلے بِنا ہی دُنیا چھوڑ جاتا ہے۔
کبھی جس کے لیے ہم نے دُعاؤں میں ، چراغ اَکثر جَلائے تھے،
وُہی قِسمت کا لِکھا تھا کہ ، وہ مِلے بِنا ہی دُنیا چھوڑ جاتا ہے۔
کِسی کے ہِجر میں آنکھوں نے ، بَرسوں جاگ کر راتیں گُزاری ہیں،
مگر جَب وَقت مِلتا ہے تو وہ ، مِلے بِنا ہی دُنیا چھوڑ جاتا ہے۔
بہت سے لوگ آتے ہیں، تَعلق جوڑتے ہیں، ساتھ دیتے ہیں،
مگر جو جان سے پیارا ہو، وہ مِلے بِنا ہی دُنیا چھوڑ جاتا ہے۔
یہ دُنیا دَرد والوں کی صَدا سُنتی نہیں، سَمجھو زَمانے کو،
جسے دِل سَچ سے چاہتا ہے، وہ مِلے بِنا ہی دُنیا چھوڑ جاتا ہے۔
جِسے دِل یاد کرتا ہے، وہ مِلےِ بنا ہی دُنیا چھوڑ جاتا ہے۔
جِسے دِل یاد کرتا ہے، وہ مِلےِ بنا ہی دُنیا چھوڑ جاتا ہے۔
کہے مظہرؔ یَہی قِسمت ہمیں ، ہر موڑ پر رُلوا کے ہَنستی ہے،
جِسے ہم عُمر بھَر چاہیں، وہ مِلے بِنا ہی دُنیا چھوڑ جاتا ہے۔
MAZHAR IQBAL GONDAL