Add Poetry

جو ہوتی دیس میں عزت ہنر کی

Poet: نوید رزاق بٹ By: نوید رزاق بٹ, سویڈن

جو ہوتی دیس میں عزت ہنر کی
نہ کھاتے ٹھوکریں ہم در بدر کی

کہا مرتے ہوئے بیکس نے مجھ سے
سخاوت دیکھ لی تیرے نگر کی

جو حج میں ایک اُمت لگ رہی ہے
سنو اِس کی کہانی سال بھر کی

انا نے لُوٹ لی اِس کی خلافت
شکایت کی فرشتوں نے بشر کی

تمھارے شہر میں سب بے وفا ہیں
خطا اِس میں نہ تھی کچھ نامہ بر کی

جو سوئیں اب قیامت کو اُٹھیں گے
تھکن اترے یونہی شاید سفر کی

کسی طوفان کی آمد ہے شاید
خموشی دیدنی ہے رہگزر کی

ہمارے درمیاں سے ہی اُٹھا ہے
شکایت کیا کریں ہم راہبر کی

مِلا دیتی ہے بندے کو خدا سے
پہنچ افلاک تک آہِ سَحَر کی

Rate it:
Views: 316
17 Sep, 2013
Related Tags on Life Poetry
Load More Tags
More Life Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets