زمانے سے کنارا

Poet: کیسر خان قیس By: Kesar Khan, Jammu

زمانے سے کنارا کر لیا میں نے
اکیلے ہی گزارا کر لیا میں نے

سکوں ملتا نہیں مجھ کو اجالے میں
اندھیروں کو ہی پیارا کر لیا میں نے

اگرچہ زیست مشکل تھی یہ تیرے بن
مگر سب کچھ گوارا کر لیا میں نے

یہ دنیا نفع کی عادی تو ہے لیکن
محبت میں خسارا کر لیا میں نے

جھکا کر سر گریبانِ جنوں میں پھر
عجب دلکش نظارا کر لیا میں نے

مقدر کی اندھیری رات میں گویا
خود اپنے کو ستارا کر لیا میں نے

Rate it:
Views: 43
09 Jun, 2026
More Sad Poetry