Add Poetry

مناجات

Poet: Muhammad Faisal By: Muhammad Faisal, Karachi

عاجزانہ تجھ سے یارب مانگتا ہوں یہ دُعا
لاج رکھ لے بیکس و مجبور کی میرے خدا

تیری طاعت کا نہ ہوگا حق کبھی مجھ سے ادا
لاکھ سمجھے گو مجھے یہ خلق تیری پارسا

سچ ہے یارب میں برا ہوں اور بدی میرا شعار
میری غفلت بے نہایت میرے عصیاں بے شمار

نفس و شیطاں کی غلامی کی خطا مجھ سے ہوئی
تیری نافرمانی بے شک جا بجا مجھ سے ہوئی

زندگانی میری گذری ہے بُرے اعمال میں
پھنس گیا ہوں میں الٰہی معصیت کے جال میں

کیا کہوں میں چھوڑ کر تجھ کو ہوا کیسا گناہ
آہ ، اس غفلت نے مجھ کو کر دیا بالکل تباہ

تیری رحمت کے مگر ہیں اب بھی دروازے کھلے
تو جو چاہے تجھ کو پانے کے ملیں رستے کھلے

تجھ کو کیا مشکل ہے کرنا درگزر میرے گناہ
تیری رحمت کے خزانے عاصیوں پہ بے پناہ

تو اگر چاہے تو یارب میرا بیڑا پار ہو
تیری راہوں میں نہ حائل اب کوئی بھی خار ہو

میرے قلب و جان تیری ذات سے چپکے رہیں
میں رہوں خاموش میرے اشک حالِ دل کہیں

تجھ سے غافل ایک لمحہ کو نہ ہوں میرے الٰہ
ہر بُنِ مُو تیری طاعت میں رہے صبح و مسا

طالبِ نظرِ کرم یہ فیصلؔ لاچار ہے
تو اگر اپنا کرے تو اور کیا درکار ہے

Rate it:
Views: 444
04 Jan, 2018
More Religious Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets