ضروری اشیا کی قیمتوں میں استحکام اور ہر ممکن کمی لانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عمران خان

حکومت نے اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف انتظامی اقدامات مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس بات کا فیصلہ پیر کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں ضروری اشیا کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مشرقی اور مغربی سرحدوں سے گندم، پیاز، ٹماٹر اور دوسری اشیا کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں گندم، آٹا ، چینی ، آلو ، ٹماٹر ، پیاز، گھی اور دالوں سمیت ضروری اشیا کی قیمتوں میں استحکام اور کمی لانے کیلئے مختلف تجاویز کا بغور جائزہ لیا گیا۔خیبر پختونخوا اور پنجاب کی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیں ۔چینی کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ چینی کے بارے میں مشاورتی بورڈ تیسرے فریق کی مشاورت سے چینی کی قیمت کا تعین کرے گا تاکہ سرکاری سطح پر چینی کی معقول قیمت مقرر کیا جاسکے۔اجلاس میں وزارت تجارت کو متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے لائحہ عمل وضع کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ بین الاقوامی سطح پر گھی کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام کو منتقل کئے جاسکیں۔وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضروری اشیا کی قیمتوں میں استحکام اور ہر ممکن کمی لانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی پوری توجہ غریب عوام کو سہولت کی فراہمی پر مرکوز کررکھی ہے تاکہ انہیں روزمرہ کی اشیا مناسب نرخوں پر فراہم کی جاسکیں اور معاشرے کے ان طبقوں پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.