پی ایس ایل 6: اسلام یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے ہرا دیا

ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ 6 کے 20 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے دی ہے۔

153 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 19 ویں اوور میں 124 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ قلندرز کی جانب سے فخر زمان 44 اور سہیل اختر 34 رنز بنا کر نمایان رہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد موسیٰ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

لاہور کی جانب سے سہیل اختر اور فخر زمان نے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا۔ دونوں کے درمیان 55 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد سہیل اختر 34 رنز بنا کر فواد احمد کی گیند ہر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اس سے اگلے اوور میں ون ڈاؤن آنے والے ذیشان اشرف صرف ایک رن بنا کر ہی رن آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد محمد حفیظ اور فخر زمان نے سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا لیکن حفیظ آٹھ رنز بنا کر محمد موسیٰ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ محمد موسیٰ نے اسی اوور میں بین ڈنک کو بھی آؤٹ کیا۔

فخر زمان بھی محمد موسیٰ کی تباہ کن بولنگ کے آگے کھڑے نہ ہو سکے اور 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔  اس کے بعد شاداب خان نے ٹم ڈیوڈ اور راشد خان کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کے لیے فتح کو آسان بنا دیا۔

100 کے مجموعی سکور پر شاہین شاہ آفریدی بھی صفر پر رن آؤٹ ہوگئے۔ لاہور کی نویں گرنے والی وکٹ جیمز فالکنر کی تھی، وہ ایک رن بنا کر فواد احمد کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

آصف علی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)

10 ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حارث رؤف تھے وہ 17 رنز بنا کر علی خان کی گیند ہر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پہلی اننگز کا احوالپہلی اننگز میں ایک مرحلے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے پانچ کھلاڑی 20 رنز بر آؤٹ ہوگئے تھے لیکن آصف علی اور افتخار احمد کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت انہوں نے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا لیے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے جیمز فالکنر نے تین اور شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا.

اتوار کو ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ان کے حق میں اچھا ثابت نہ ہوا۔  اسلام آباد کے اوپنر عثمان خواجہ پہلے اوور کی تیسری ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہیں شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔

اس سے اگلے ہی اوور میں جیمز فالکنر نے روحیل نذیر کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ وہ صرف ایک رنز بنا پائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے جیمز فالکنر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: پی ایس ایل)

اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوئٹہ کے خلاف فتح میں اہم ترین کردار ادا کرنے والے جارحانہ بل باز کولن منرو بھی اس میچ میں نہیں چل سکے اور وہ  11 گیندوں پر چار رنز بنا کر جیمز فالکنر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

حسین طلعت آٹھ رنز بنا کر جیمز فالکنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد حارث رؤف نے اپنی پہلی ہی گیند ہر شاداب خان کو کیچ آؤٹ کر دیا۔

اس کے بعد آصف علی اور افتخار احمد نے اپنی ٹیم کی ڈوبتی ناؤ کو سہارا دیا۔ دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 123 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد آصف علی 75 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ہٹ وکٹ آؤٹ ہوگئے۔

تاہم افتخار احمد بدقسمتی سے اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور 49 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر راشد خان کو کیچ تھما بیٹھے۔

آج کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حسن علی اور عاکف جاوید کی جگہ علی خان اور فواد احمد کو موقع دیا ہے۔ جبکہ لاہور نے ذیشان اشرف کو محمد فیضان کی جگہ کھیلایا ہے۔

اس سے قبل نو جون کو ہونے والے ایک سنسنی خیز مقابلے میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

شیخ زاید سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے 143 رنز کے جواب میں لاہور قلندرز نے میچ کی آخری گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کیا۔

لاہور قلندرز کو آخری اوور میں میچ جیتنے کے لیے 16 رنز درکار تھے جو اس نے راشد خان کی عمدہ بلے بازی کی بدولت حاصل کر لیے۔

راشد خان نے پانچ گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں پاکستان میں 14 میچز کھیلے گئے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز رواں سال مارچ میں اس وقت مؤخر کر دیے گئے تھے جب کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف میں کورونا کے کیسز سامنے آئے تھے اور لیگ کو دوبارہ ملک کے اندر شروع کرنے کی کوششوں کو وبا کی تیسری لہر میں شدت کے باعث ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں کھیلے جانے والے بقیہ میچز کے دوران کھلاڑیوں کو تماشائیوں سے خالی سٹیڈیم اور شدید گرمی کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

113