آج اپنے غم کا اندازہ ہوا
Poet: FANA NIZAMI By: TARIQ BALOCH, HUB CHOWKIگھر ہوا گلشن ہوا صحرا ہوا
 ہر جگہ میرا جنوں رسُوا ہوا
 
 غیرتِ اہلِ چمن کو کیا ہوا 
 چھوڑ آئے آشیاں جلتا ہوا
 
 میں تو پہنچا ٹھوکریں کھاتا ہوا
 منزلوں پر خضر کا چرچا ہوا
 
 حُسن کا چہرا بھی ہے اترا ہوا
 آج اپنے غم کا اندازہ ہوا
 
 غم سے نازک، ضبطِ غم کی بات تھی
 یہ بھی دریا ہے مگر ٹھیرا ہوا
 
 یہ عمارت تو عبادت گاہ ہے
 اس جگہ اک میکدہ تھا کیا ہوا
 
 رہتا ہے میخانے کے ہی آس پاس
 شیخ بھی ہے آدمی پہنچا ہوا
 
 اس طرح راہ بر نے لُوٹا کارواں
 اے "فنا" راہزن کو بھی صدما ہوا
More Sad Poetry







 
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
 