تیری آنکھوں میں خواہش کو بکھر جاتے بھی دیکھا ہے
سمندر میں سمندر کو اتر جاتے بھی دیکھا ہے
حقیقت عکس میں ہوتی تو کیا مجھکو شکایت تھی
میرے اشکوں نے درپن کو مکر جاتے بھی دیکھا ہے
مراحل ایک ساعت میں سہم کر ٹھہر جاتے ہیں
نگاہوں کو کچھ ایسے کام کر جاتے بھی دیکھا ہے
نہ اس میں میکدہ درکار نہ ساقی نہ پیمانہ
تمہاری یاد سے ساغر کو بھر جاتے بھی دیکھا ہے
سمٹتی کہکشاں دیکھی ہے تیرے روپ میں اکثر
تیرے قدموں میں تاروں کو بکھر جاتے بھی دیکھا ہے
کہاں اس میں ہے اتنی تاب کہ چھینے تری یادیں
غم دوراں کو سینے سے گزر جاتے بھی دیکھا ہے
تمہارے عشق نے کچھ اس قدر وحشت عنایت کی
منازل تک کو اس وحشت سے ڈر جاتے بھی دیکھا ہے