چمکا شبِ گمان میں جگنو گریز کا
نِکلا یقیں کی آنکھ سے آنسو گریز کا
ہم بہہ رہے تھے عشق میں دریا دِلی کے ساتھ
جانے کہاں سے آ گیا پہلو گریز کا
کم کم سُخن کِیا گیا کچھ دن اور اُس کے بعد
سر چڑھ کے بولنے لگا جادو گریز کا
منظر بدل رہا ہے کہ دشتِ خیال میں
رَم بھر رہا ہے شوق سے آہو گریز کا
بس آہ بھر کے ہو رہے اُس گل پہ ہم نثار
پیغام لے کے آئی تھی خوشبو، گریز کا
آیا ہی تھا خیال شبِ وصل کا مجھے
پہرہ بٹھا دِیا گیا ہر سُو گریز کا
مائل تو ہے گریز پہ نازش! مگر بتا
مطلب بھی جانتا ہے بھلا تُو گریز کا؟