کسی کے ہجر میں یوں ٹوٹ کر رویا نہیں کرتے
Poet: حسن عباس رضا By: Rabi, Lahoreکسی کے ہجر میں یوں ٹوٹ کر رویا نہیں کرتے
یہ اپنا رنج ہے اور رنج کا چرچا نہیں کرتے
جدائی کی رتوں میں صورتیں دھندلانے لگتی ہیں
سو ایسے موسموں میں آئنہ دیکھا نہیں کرتے
زیادہ سے زیادہ دل بچھا دیتے ہیں رستے میں
مگر جس نے بچھڑنا ہو اسے روکا نہیں کرتے
ہمیشہ اک مسافت گھومتی رہتی ہے پاؤں میں
سفر کے بعد بھی کچھ لوگ گھر پہنچا نہیں کرتے
تنی رسی پہ دریا پار اترنا ہی مقدر ہو
تو پھر سینوں میں غرقابی کا ڈر رکھا نہیں کرتے
ہمیں رسوا کیا اس نیند میں چلنے کی عادت نے
وگرنہ جاگتے میں ہم کبھی ایسا نہیں کرتے
حسنؔ جب لڑکھڑا کر اپنے ہی پاؤں پہ گرنا ہو
تو پھر ایڑی پہ اتنی دیر تک گھوما نہیں کرتے
More Sad Poetry






