کہاں پہ بولنا ہے چپ کہاں ضروری ہے
ہمارے منہ میں ہماری زباں ضروری ہے
ہم ایسے علم سے قاصر ہیں کہ یہ جان سکیں
کہاں پہ دھوپ کہاں سائباں ضروری ہے
جہاں پہ مجھ کو کڑی دھوپ سے گزرنا ہے
تمہارے پیار کا آنچل وہاں ضروری ہے
اکیلے پن کی اذیّت کے دور کرنے کو
کوئی رفیق کوئی رازداں ضروری ہے
کسی کے پاس اگر کچھ نہیں تو کچھ بھی نہیں
کسی کے واسطے سارا جہاں ضروری ہے