تصور جہاں کا خوابیدہ ہمارا
عقیدہ سراپا شنیدہ ہمارا
ہوس نے بھرا ہے زہر زندگی میں
ہوا دل ہے خواہش گَزیدہ ہمارا
یوں تیرِ نظر آ لگا پار دل کے
کہ سر ہو گیا شوریدہ ہمارا
پڑی ہے مروت کی میت کفن میں
دہن ہو گیا ہے دریدہ ہمارا
سنی ہے خبر ان کے آنے کی ہم نے
چمن ہو گیا ہے دمیدہ ہمارا
غلامانہ سوچوں کے گہرے اثر سے
ذہن ہو گیا ہے خمیدہ ہمارا
چھپائیں گے ہاتھوں سے منہ کو گناہ بھی
کھلے گا حشر میں جریدہ ہمارا
نہیں ہے کوئی بات اپنے میں ایسی
ہوا نہ کہے گی قصیدہ ہمارا
ہوا کو حکم ہے کہ پتے گرا دو
پتہ لوں میں دل تھا بوسیدہ ہمارا
بنانے ہیں شاید یہاں پھول بوٹے
کوئی کر رہا دل کشیدہ ہمارا
نہیں مرتضائیؔ کو شکوہ کسی سے
مقدر ہوا ہے رمیدہ ہمارا