جہاں پہ ہوتا ہوں اکثر وہاں نہیں ہوتا
وہیں تلاش کرو میں جہاں نہیں ہوتا
اگر تمہاری زباں سے بیاں نہیں ہوتا
مرا وجود کبھی داستاں نہیں ہوتا
بچھڑ گیا تھا وہ ملنے سے پیشتر ورنہ
میں اس طرح سے کبھی رائیگاں نہیں ہوتا
نظر بچا کے نکلنا تو چاہتا ہوں مگر
وہ کس جگہ سے ہے غائب کہاں نہیں ہوتا
کبھی تو یوں کہ مکاں کے مکیں نہیں ہوتے
کبھی کبھی تو مکیں کا مکاں نہیں ہوتا