حدت مہر سے یہ کام نہیں نکلے گا
جل تو جائے گا یہ پتھر نہ مگر ٹوٹے گا
پیڑ یہ ایسا ہے جو تیز ہوا کے ہاتھوں
ٹوٹ تو جائے گا پر جڑ سے نہیں اکھڑے گا
جس قدر چاہو اسے جتنا بھی جامد کر دو
برف میں دیر تلک آب نہیں ٹھہرے گا
ٹوٹ کر آنکھ سے اک بار ستارا جو گرا
وہ ستارا نہ کبھی اوج پر پھر چمکے گا
ترجماں ایک یہی پھول تو تھا جذبوں کا
جو دوبارہ نہ کبھی پلکوں پہ اب مہکے گا
پھر کسی راہ کے پتھر سے ہے ٹھوکر کھائی
دیکھ کر آنکھ سے چلنا نہ کبھی آئے گا
دیپ ہی کوئی جلا دیجئے سر راہ گزر
راستہ کیسے اندھیرے میں دکھائی دے گا
شب گزرنے کو ہے پرویز ابھی سو جاؤ
جاگتے میں تو کوئی خواب نہیں اترے گا