Add Poetry

خاموش رہے

Poet: Irshad Arshi Malik By: Irshad Arshi Malik,

ہر سُو تھا انجانا ڈر خاموش رہے
شہر کے سارے دانش ور خاموش رہے

اپنی اپنی غرض و انا کے قیدی تھے
اس کارن سب اہلِ نظر خاموش رہے

سچ کہنا تو زہر پیالہ پینا تھا
سارے کر کے اگر مگر خاموش رہے

قوم پھنسی تھی ظلم و جہل کی دلدل میں
دڑ وٹ کر لیکن رہبر خاموش رہے

ظلم کے ساتھی گلیوں گلیوں دھاڑے ہیں
عدل کے سب ہمدرد مگر خاموش رہے

اپنے حق میں کوئی نہ آواز اُٹھی
ہمسائے اور بام و در خاموش رہے

حق کی خاطر کچھ نہ بولے گونگے لوگ
بہرے بھی کہلائے پر خاموش رہے

اپنے گھر کا صحن اٹا تھا لاشوں سے
پر قانون کے بازی گر خاموش رہے

ہم نے اپنی آہ دبا لی سینوں میں
جب حاکم اور چارہ گر خاموش رہے

جھوٹ اور سچ کا فرق بتائے کون یہاں
موند کے دیدے ، دیدہ ور خاموش رہے

دیکھ کے لچھن دین کے ٹھیکے داروں کے
بے دیں ، دروازے ڈھو کر خاموش رہے

لاکھوں اپنے دیس میں ہی پردیسی ہیں
باقی ہو کر ملک بدر خاموش رہے

خود تاریخ لکھے گا وقت مورّخ ہے
کیا غم ہے جو زید و بکر خاموش رہے

یاں مرگِ انبوہ بھی کھیل تماشا ہے
حُکم ہوا ہے نوحہ گر خاموش رہے

قدموں کا ہر نقش گواہی دیتا ہے
گرچہ سُونی راہ گذر خاموش رہے

ہے آواز خلق خُدا کا نقارہ
ناداں اس کو بھی سُن کر خاموش رہے

رب کی لاٹھی بھاری ہے پر بے آواز
پل میں توڑے لاکھوں سر خاموش رہے

اپنا رب رحمان ہے کیسے ممکن ہے؟
دیکھ کے یہ اندھیر نگر خاموش رہے

دنیا میں سقراط بھی تھے منصور بھی تھے
سچ سے سب کو آج حذر خاموش رہے

کون ہے ابراہیم جو کودے شعلوں میں
اپنے عہد میں سب آزر خاموش رہے

بے مہری کی برف جمی تھی جذبوں پر
کیا کیا نہ دیکھے منظر خاموش رہے

چوک میں ماں نے چاروں بچے بیچ دئیے
پڑھ کر قاری یہ بھی خبر خاموش رہے

کون لکھے گا نوحہ گُھپ اندھیرے کا
گر اس دور کے نغمہ گر خاموش رہے

ہم نے جبر کے موسم میں بھی شعر کہے
عرشی جب سارے شاعر خاموش رہے

Rate it:
Views: 704
08 Jan, 2011
More Political Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets