رابطہ جسم کا جب روح سے کٹ جاتا ہے
Poet: سید مجتبی داودی By: سید مجتبی داودی, Karachiرابطہ جسم کا جب روح سے کٹ جاتا ہے
آدمی مختلف حالات میں بٹ جاتا ہے
دیکھ کر ساحل دریا کا سکوت پیہم
چڑھ کے آیا ہوا طوفاں بھی پلٹ جاتا ہے
آئینہ دیکھ کے ہوتا ہے توہم کا اسیر
قد وہی ہوتا ہے پر آدمی گھٹ جاتا ہے
کوئی خوشبو غم حالات کو ملتی ہوگی
سانپ بن کے جو رگ جاں سے لپٹ جاتا ہے
پھر اسے ملتی نہیں منزل مقصود کبھی
جادۃ عشق سے اک گام جو ہٹ جاتا ہے
دل بھی کیا شئے ہے بھلا دیتا ہے سارے مضمون
اور اک لفظ جو مقصود ہے رٹ جاتا ہے
ہر نئی صبح کا مضمون نیا ہے شاعر
ہر نئی صبح کو اک صفحہ پلٹ جاتا ہے
More Sad Poetry






