مچل رہا ہے دل مِرا چہار سو ہی یاس ہے
جو حوصلہ ہی دے سکے کوئی نہ آس پاس ہے
بساطِ جاں لپیٹ دی ہے عشقِ نامراد نے
کہ ہار ہے نہ جیت ہے ، نہ یاس ہے نہ آس ہے
نہ تَشنگی اُجاڑ دے ہنسا بسا چمن مِرا
خدایا معجزہ دکھا کہ دل بہت اداس ہے
بَجوگی کے نصیب پر نَوِشت تھی خزاں سدا
بہار پرجو مر مٹا تِرا ہی کوئی داس ہے
اُجاڑ لی ہے زندگی عبث ہی انتظار میں
وہ زیر لب یہ کہہ رہا ہے، یہ مرا قیاس ہے
سکونِ دل گیامِرا متاعِ جاں بھی لُٹ گئی
خُدا اِسے فنا کرے یہ عشق اصل ناس ہے
جو در کھلا ملا ہمیں وہ راستہ تھا دشت کا
ہے سانحہ یہ زندگی، خوشی ملی نہ راس ہے
سوال ہی تو زندگی میں ہر جگہ کھڑے ملے
نظر نظربھٹک رہی جواب کی پیاس ہے
ہے پوچھتا کوئی اُسے کہ کون ہے ر َضا ترا
کہے ہے کوئی سر پھرا کہ عام ہے نہ خاص ہے