مہرباں کس پہ ہیں اب اہل جفا میرے بعد
Poet: رفیق جابر By: کاظمین نوید, Karachiمہرباں کس پہ ہیں اب اہل جفا میرے بعد
کس کے خرمن پہ گری برق بلا میرے بعد
اے نسیم سحری یہ تو بتا کیسے ہیں
وہ مرے ہم نفس و شعلہ نوا میرے بعد
گرد آلام سے اب کس کی جبیں دھلتی ہے
کس کے رخ پر ہے مصائب کی جلا میرے بعد
کون اب مرحلۂ دار و رسن تک پہنچا
کیا ہے اب شیوۂ ارباب وفا میرے بعد
کس نے کی جرأت رندانۂ تجدید حیات
کون وقف غم ایام ہوا میرے بعد
کون ہے جو پس دیوار قفس سنتا ہے
اہل زنداں جرس گل کی صدا میرے بعد
بزم شاہی میں بصد جاہ و حشم کون گیا
دوش پر اپنے لئے حق کی ردا میرے بعد
مصحف روئے دل آرام نگار گیتی
کون پڑھتا ہے بصد صدق و صفا میرے بعد
زہر غم ہوتا ہے اب کس کو گوارا دیکھیں
ہے مکرر لب ساقی پہ صدا میرے بعد
More Sad Poetry






