میرا آنگن
کتنا کشادہ کتنا بڑا تھا
جس میں
میرے سارے کھیل
سما جاتے تھے
اور آنگن کے آگے تھا وہ پیڑ کہ جو مجھ سے کافی اُونچا تھا
لیکن مجھ کو اس کا یقیں تھا
جب میں بڑا ہو جاؤں گا
اس پیڑ کی پُھنگی بھی چُھو لوں گا
برسوں بعد
میں گھر لَوٹا ہوں
دیکھ رہا ہوں
یہ آنگن
کتنا چھوٹا ہے
پیڑ مگر پہلے سے بھی تھوڑا اونچا ہے